نئی دہلی، 10؍(ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی سمیت اپوزیشن کے پانچ رہنماوں نے بدھ کو صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کرکے کسان تحریک کے پیش نظر حکومت سے زراعت سے متعلق تینوں قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا۔مسٹر گاندھی نے ملاقات کے بعد راشٹرپتی بھون کے باہر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈران نے صدر سے کہاکہ حکومت کسانوں کے مفادات کو کچل رہی ہے جس کے سبب کسان سڑکوں پر ہیں اس لیے کسانوں کی تحریک کو ختم کرنے کے لیے وہ حکومت کو تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کی ہدایت دیں۔ انہوں نے کہا،’’جس طرح یہ تینوں بل منظور ہوئے ہیں، وہ طریقہ ہی غلط تھا اور اس سے کسان کا حکومت پر اعتماد ٹوٹا ہے۔ سردی میں کسان دھرنے پر بیٹھے ہیں اور کسانوں کی مخالف حکومت ان کی نہیں سن رہی ہے۔ جب تک کسانوں کی بات تسلیم نہیں کی جاتی ہے، وہ سڑکوں سے نہیں ہٹیں گے ۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما شرد پوار نے کہاکہ کسان 13 روز سے سردی سے سکڑ رہے ہیں اور سڑکوں پر دھرنا ومظاہرہ کر رہے ہیں لیکن حکومت ان کی خبر نہیں لے رہی ہے۔ ایسی حالت میں اپوزیشن لیڈران کا فرض تھا کہ ملک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کرکے حقائق سے آگاہ کرائیں، اسی وجہ سے آج یہ صدر سے ملاقات تھی۔